Turkiya-Logo-top

ایران کے نام پر پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم بے نقاب

سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ایران کے نام پر چلائی جانے والی ایک منظم اور خطرناک پروپیگنڈا مہم بے نقاب ہو گئی ہے، جس میں جھوٹے بیانیے کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ تاثر تیزی سے پھیلایا گیا کہ "پاکستان نے ایران سے غداری کی ہے”، تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ کسی مستند واقعے پر مبنی نہیں تھا بلکہ ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ تھا۔

ذرائع کے مطابق اس مہم میں جعلی ایرانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، جن کے ذریعے مخصوص بیانیہ گھڑا گیا اور بعد ازاں اسے بھارت اور افغانستان سے منسلک نیٹ ورکس نے منظم انداز میں پھیلایا۔ مزید یہ کہ بعض افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے اس بیانیے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور عوامی جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کی۔

اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ روز ایرانی سفارت خانے نے ان خبروں کی باضابطہ تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں اور ان کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو خراب کرنا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ معلومات کے خطرات کو اجاگر کرتا ہے، اور ایسے عناصر کی نشاندہی کرتا ہے جو خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کے لیے منظم پروپیگنڈا مہمات چلا رہے ہیں۔

Read Previous

آپریشن "غضب للحق” کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی

Read Next

ترک وزیرِ دفاع کا ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

Leave a Reply