صدر رجب طیب ایردوان نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تشدد کی کسی بھی شکل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے خلاف جسمانی، نفسیاتی اور سماجی تشدد کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور اجتماعی جدوجہد جاری رکھنا ضروری ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے انقرہ میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد بے ضمیری، بے رحمی اور انسانیت سے گری ہوئی حرکت ہے۔ ان کے مطابق تشدد صرف کسی خاتون پر ہاتھ اٹھانے یا اسے جسمانی نقصان پہنچانے تک محدود نہیں بلکہ اسے حقیر سمجھنا، اس کی تضحیک کرنا، اس کی مرضی اور خودمختاری کو نظرانداز کرنا بھی تشدد کی مختلف صورتیں ہیں۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ خواتین کی محنت کا استحصال، ان کی صلاحیتوں اور خدمات کو کم تر سمجھنا اور انہیں تعلیم، معاشی سرگرمیوں اور سماجی زندگی میں مساوی مواقع سے محروم رکھنا بھی ناقابلِ قبول ہے۔ اسی طرح کسی خاتون کے سیاسی نظریات، عقائد، طرزِ زندگی یا لباس کی بنیاد پر اس پر نفسیاتی دباؤ ڈالنا بھی تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کی جدوجہد صرف جسمانی تشدد روکنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کے پیچھے موجود امتیازی سوچ، استحصال اور عدم مساوات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ ترکیہ اس حوالے سے برداشت کی کوئی گنجائش نہ رکھنے کی پالیسی پر قائم ہے اور خواتین کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
تقریب میں وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدیمیر گوکتاش بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے ترکیہ کے پانچویں قومی ایکشن پلان 2026 سے 2030 کے تحت جاری اقدامات اور آئندہ حکمتِ عملی بھی زیرِ بحث آئی۔ منصوبے میں تشدد کے واقعات پیش آنے کے بعد کارروائی کے ساتھ ساتھ ممکنہ خطرات کی پیشگی نشاندہی اور روک تھام کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ترک وزارتِ خاندانی و سماجی خدمات کی حکمتِ عملی میں خصوصی سماجی خطرات کے نقشے کی تیاری بھی شامل ہے، جس کے ذریعے مختلف علاقوں اور خاندانوں میں ممکنہ خطرات کا جائزہ لے کر بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ جسمانی اور نفسیاتی تشدد، ڈیجیٹل تشدد اور مسلسل تعاقب جیسے مسائل کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
