تحریر: ضیاء الحق سرحدی (ستارہ امتیاز) پشاور
گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے وزرائے خارجہ کونسل کے تیسویں دو روزہ اجلاس نے خطے کی بدلتی ہوئی سیاست اور معاشی ترجیحات کو ایک نئی جہت دی ہے۔ دس رکن ممالک پر مشتمل یہ تنظیم بظاہر تجارت، معیشت، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ کا پلیٹ فارم ہے، تاہم اس مرتبہ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے اس اجتماع کی اہمیت محض اقتصادی معاملات تک محدود نہیں رہی بلکہ اس کے پس منظر میں خطے کے بدلتے ہوئے سفارتی توازن اور پاکستان کے علاقائی تعلقات کی واضح جھلک دکھائی دیتی ہے۔ اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو، قازقستان اور کرغزستان کے نائب وزرائے خارجہ سمیت ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی نمائندگی نائب وزیر خارجہ نے کی، جبکہ تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان، او آئی سی (OIC) اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی تمام تر کوششوں کے برعکس، عالمی و علاقائی قیادت کی اس بھرپور شرکت نے خطے میں پاکستان کی ناگزیر جغرافیائی و سفارتی اہمیت پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔
تاہم اس پورے سفارتی منظرنامے میں سب سے زیادہ توجہ طلب پہلو افغانستان کی غیر حاضری تھی، کیونکہ افغانستان اقتصادی تعاون تنظیم کا باقاعدہ رکن ہونے کے باوجود اس مرتبہ مدعو نہیں کیا گیا۔ یہ محض ایک خالی نشست نہیں بلکہ موجودہ پاک افغان تعلقات کی تلخیوں اور سرحدی کشیدگی کا واضح سفارتی اظہار ہے جو ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیکیورٹی خدشات اور سرحد پار دہشت گردی کے معاملات دوطرفہ ایجنڈے پر حاوی ہیں۔ اسی تناظر میں اجلاس کے دوسرے روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کابل کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے واضح کیا کہ علاقائی تجارت اور روابط کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ اور ہمسایہ ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات دور کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان ایک پُرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو خطے کے وسیع تر نظام کا حصہ بنے، تاہم بامعنی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
افغانستان کی اس عدم شرکت نے علاقائی تعاون کے سامنے ایک پیچیدہ جغرافیائی سوال بھی کھڑا کر دیا ہے، کیونکہ ایک جانب پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت کے نئے دروازے کھولنے کے لیے کوشاں ہے تو دوسری جانب زمینی حقیقت یہ ہے کہ پاکستان سے وسطی ایشیا تک مختصر ترین زمینی راستہ افغانستان ہی سے ہو کر گزرتا ہے۔ چنانچہ کابل کو مدعو نہ کرنے کا سفارتی پیغام اپنی جگہ اہم سہی، لیکن مستقبل میں علاقائی تجارت اور طویل المدتی ٹرانزٹ روابط کے لیے اس ملک کی جغرافیائی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے باوجود پاکستان نے یہ اصولی مؤقف اپنایا ہے کہ علاقائی تعاون کی بنیاد خودمختار مساوات، عدم مداخلت، باہمی احترام اور امن کے اصولوں پر ہونی چاہیے، جس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ مسلسل سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔
علاقائی سلامتی کے ان تقاضوں کے ساتھ ساتھ اس اجلاس کا ایک انتہائی اہم پہلو 2026-2027 کے لیے ای سی او کی چیئرمین شپ کا پاکستان کو ملنا اور 2027 میں انیسویں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کا اعزاز ہے۔ اس موقع پر ”علاقائیت کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے” کے تھیم کے تحت ”ای سی او وژن 2025” کی جگہ ”اسٹریٹجک اہداف 2035” کو تنظیم کے نئے فریم ورک کے طور پر باقاعدہ منظور کر لیا گیا، جبکہ تنظیم کے سال 2027 کے بجٹ اور سیکریٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے اپنی صدارت کے لیے پانچ کلیدی ترجیحات پیش کی ہیں جن میں تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی روابط، تجارتی انتظامات کی جدید کاری، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور انسانی ترقی شامل ہیں، جن کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اشتراک کو محض کاغذی معاہدوں سے نکال کر عملی شکل دینا ہے۔
اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کے پاس اب یہ سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی جغرافیائی پوزیشن کو محض نقشے پر موجود ایک اہم مقام کے بجائے حقیقی اقتصادی طاقت میں تبدیل کرے۔ کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں، وسطی ایشیا کی منڈیاں، اور ایران و ترکیہ کے ساتھ تجارتی روابط اس پورے معاشی منظرنامے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ اگر قازقستان، ازبکستان اور ترکمانستان جیسی خشکی میں گھری وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے بحیرہ عرب تک آسان رسائی مل جائے، تو اس سے نہ صرف پاکستان کی بندرگاہیں آباد ہوں گی بلکہ ٹرانسپورٹ، گوداموں، لاجسٹکس، برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے در وا ہوں گے۔ اسی مقصد کے تحت ”اسلام آباد اعلامیہ” میں ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈورز، کسٹم قوانین میں ہم آہنگی اور ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تجارت اور راہداریوں کے علاوہ توانائی کے شعبے میں تعاون بھی اسلام آباد اعلامیے کا ایک نمایاں جزو بن کر ابھرا ہے۔ پاکستان کو اپنی صنعتی اور گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے سستی اور پائیدار توانائی درکار ہے، جبکہ وسطی ایشیائی ریاستوں اور ایران کے پاس تیل، گیس اور پن بجلی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اجلاس میں کاسا-1000 (CASA-1000) اور تاپی (TAPI) گیس پائپ لائن جیسے بڑے منصوبوں کی جلد تکمیل پر خصوصی زور دیا گیا۔ اعلامیے میں علاقائی توانائی منڈی کی تشکیل، بجلی کی ترسیل کے نظام کو باہم جوڑنے اور قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے، جو بلاشبہ پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پانے اور معاشی استحکام لانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
معاشی و توانائی منصوبوں کی پائیداری چونکہ ماحولیاتی تحفظ سے جڑی ہے، اس لیے موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ بھی اس اجلاس میں پاکستان کی سفارتی ترجیحات میں سرفہرست رہا۔ گلوبل وارمنگ، گلیشیئرز کے پگھلنے، تباہ کن سیلابوں اور زرعی پیداوار میں کمی جیسے شدید خطرات سے دوچار پاکستان نے اس نکتے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پورے خطے کا مشترکہ چیلنج ہے۔ نتیجتاً اسلام آباد اعلامیے میں ”کلائمیٹ ریزیلینٹ” معیشتوں کی تعمیر، آبی وسائل کے پائیدار انتظام، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ فنڈز، پیشگی اطلاع کے نظام اور تجربات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا، جسے پاکستان کی ماحولیاتی سفارت کاری کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس کی سائیڈ لائن ملاقاتوں میں بھی پاکستان نے خطے کے تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے بجائے مکالمے اور سفارت کاری کو واحد راستہ قرار دیا، جس پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر رکن ممالک کے وفود نے خطے میں امن و استحکام اور باہمی اشتراک کے حوالے سے پاکستان کے تعمیری کردار کو کھل کر سراہا۔ سفارتی ماہرین کے نزدیک اسلام آباد اعلامیہ پاکستان کی معاشی و سفارتی حکمت عملی کی ایک نمایاں کامیابی ہے جس نے ای سی او کو ایک فعال اور نتیجہ خیز بلاک بنانے کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے، جبکہ نوجوانوں کی فنی تربیت، تعلیم اور جدت میں سرمایہ کاری کے فیصلے اس بلاک کے مستقبل کو مزید تابناک بنا سکتے ہیں۔
تاہم اس تمام سفارتی کامیابی کا اصل امتحان اب شروع ہوتا ہے، کیونکہ حقیقی سفارت کاری محض اجلاسوں کی تصاویر، مہمانوں کے استقبال اور مشترکہ اعلامیوں کا نام نہیں۔ پاکستان کی تجویز پر اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ تو کر دیا گیا ہے کہ علاقائی تعاون کے ثمرات کاغذی معاہدوں سے نکل کر تجارت، توانائی اور سیاحت کے ذریعے رکن ممالک کے عام شہریوں کے معیارِ زندگی میں حقیقی بہتری لائیں، اور 2027 کے سربراہی اجلاس تک پاکستان بطور چیئرمین ان فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی بھی کرے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اسلام آباد کا یہ بڑا سفارتی اجتماع خطے کے لیے معاشی خوشحالی کی نئی راہیں کھولنے، سرحدی راستوں کو فعال بنانے اور سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہوتا ہے، یا اس کی گونج بھی ماضی کے دیگر سفارتی اعلامیوں تک ہی محدود رہ جاتی ہے۔
