Turkiya-Logo-top

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارتی الزامات مسترد کر دیے، بھارت کو طرزِ عمل بدلنے کا مشورہ

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ملکی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی قرار دیا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارت اپنے داخلی مسائل اور عالمی سطح پر تنہائی سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف الزام تراشی کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک اجلاس میں بھارتی نمائندے کی جانب سے پاکستان کے اداروں اور قیادت پر عائد کیے گئے الزامات کا پاکستانی نمائندے نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ پاکستان نے کہا کہ بھارت کے بیانات پاکستان کے داخلی معاملات میں ناقابلِ قبول مداخلت ہیں اور ان کی کوئی قانونی یا اخلاقی بنیاد نہیں

پاکستان نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی پر اعتراض کرنے کے بجائے خطے کے استحکام اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان متعدد مرتبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں میں بھارتی سرپرستی اور معاونت سے متعلق اپنے تحفظات اور شواہد پیش کر چکا ہے۔

پاکستان کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد ملک کے ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانا اور مقامی آبادی کو قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد سے محروم رکھنا ہے۔

پاکستان نے مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنے پر بھی بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کے بھارتی اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق 31 اگست 2026 کو سندھ طاس معاہدے کے تحت قائم ثالثی عدالت نے متفقہ فیصلے میں قرار دیا کہ معاہدہ بدستور نافذ العمل اور فریقین کے لیے پابند ہے۔ فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔

پاکستان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس فیصلے کو تسلیم نہ کرنا بین الاقوامی معاہدوں اور عالمی قوانین کی پاسداری کے حوالے سے اس کے طرزِ عمل پر سوالات اٹھاتا ہے۔

پاکستان نے بھارت میں ہندوتوا نظریے سے متاثر انتہا پسندی اور اقلیتوں کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک پر بھی تنقید کی۔ پاکستانی مؤقف کے مطابق بھارت میں مسلم، سکھ، مسیحی اور دلت برادریوں کو امتیازی رویوں کا سامنا ہے۔

پاکستان نے کہا کہ بھارت پاکستان پر الزامات عائد کرکے اپنی داخلی صورتحال اور انسانی حقوق سے متعلق اٹھنے والے سوالات سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو سیاسی الزام تراشی کے لیے استعمال کرنے کے بجائے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

پاکستان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

پاکستان نے اپنے مؤقف میں کہا کہ جو ریاست اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں، ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری نہ کرے، اسے دوسروں کے طرزِ عمل پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے معاملات کا جائزہ لینا چاہیے۔

پاکستان نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن بیانات کے بجائے اپنی پالیسیوں اور طرزِ عمل میں تبدیلی لائے اور بین الاقوامی قوانین اور ذمہ داریوں کا احترام کرے

Read Previous

ترکیہ کا جدید تحقیقی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ کراچی پہنچ گیا، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانےکے لیے 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

Read Next

ترک فضائیہ کے سربراہ کا دورۂ پاکستان، عسکری قیادت سے ملاقات اور دفاعی تعاون کا جائزہ

Leave a Reply