ترکیہ اور پاکستان نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس سلسلے میں ترکیہ کا جدید تحقیقی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ کراچی پہنچ گیا ہے، جو پاکستانی سمندری حدود میں تقریباً 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرے گا۔
کراچی بندرگاہ پر ترک تحقیقی جہاز کی آمد کے موقع پر استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار، پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، گورنر سندھ سید نہال ہاشمی اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو شریک ہوئے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتارنے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے گزشتہ سال اسلام آباد میں توانائی کے شعبے میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے تھے، جن کے نتیجے میں ترکیہ کی سرکاری توانائی کمپنی ٹی پی اے او اور پاکستان کی او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور ماڑی انرجیز کے درمیان تعاون شروع ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے 5 مقامات کی منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جن میں 3 سمندر اور 2 خشکی پر واقع ہیں۔

19 روزہ سفر کے بعد پاکستان پہنچنے والا تحقیقی جہاز دریائے سندھ اور مکران کے زیرِ سمندر علاقوں میں تیل اور گیس کے ذخائر کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ ابتدائی طور پر جہاز تقریباً 2 ماہ تک انڈس سی بلاک میں 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سہ جہتی زلزلہ پیما سروے کرے گا۔ منصوبے کے تحت پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینیئرز ترک ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان سمندری ارضیات اور توانائی کی تلاش سے متعلق انجینیئرنگ کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ترکیہ کے وزیر توانائی کے مطابق سروے سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر اگلے سال مخصوص مقامات پر ڈرلنگ کا عمل شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ الپ ارسلان بائراکتار نے کہا کہ ترکیہ اپنے تیل اور گیس کی تلاش کے تجربات اور جدید تکنیکی صلاحیتوں سے پاکستان کو بھی فائدہ پہنچانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق ترکیہ نے 2020 میں بحیرہ اسود میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت کیے تھے اور اب وہاں روزانہ تقریباً 1 کروڑ مکعب میٹر گیس پیدا کی جا رہی ہے، جس سے 40 لاکھ گھرانوں کی ضروریات پوری ہو رہی ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ 2028 تک ترکیہ میں گیس کی یومیہ پیداوار بڑھ کر 4 کروڑ مکعب میٹر ہو جائے گی، جس سے تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ گھرانوں کو گیس فراہم کی جا سکے گی۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں، تاہم اب ان تعلقات کو عملی اقتصادی منصوبوں اور عوام کی ترقی کے مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق 87 میٹر طویل تحقیقی جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ جدید سائنسی اور صوتی آلات سے لیس ہے، جن کی مدد سے سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں اور ارضیاتی ساخت کا جائزہ لیا جائے گا۔ صوتی لہروں کے ذریعے حاصل ہونے والے ڈیٹا سے زیرِ سمندر زمین کی سہ جہتی تصاویر تیار کی جائیں گی، جن سے تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی اور مستقبل میں کھدائی کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ یہ تحقیق پاکستان کے لیے توانائی کے نئے ذخائر کی دریافت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ تیل و گیس کی تلاش، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں طویل مدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اہم منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنایا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے سمندری تحقیق کے دوران بحری تحفظ اور ماحولیاتی معیار کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کا یہ مشترکہ مشن نہ صرف سائنسی تحقیق اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
واضح رہے کہ پاکستان کے انڈس آف شور بلاک سی میں سمندری تحقیق اور تیل و گیس کی تلاش کے لیے ترک کمپنی ترک پیٹرولیم اوورسیز کمپنی کو آپریٹر شپ دینے کا معاہدہ 2 دسمبر 2025 کو طے پایا تھا۔ اس منصوبے میں جی ایچ پی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز اور او جی ڈی سی ایل بھی شریک ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان تعاون صرف توانائی تک محدود نہیں بلکہ اہم معدنی وسائل کی ترقی بھی اس شراکت داری کا حصہ ہے۔ پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل بلوچستان میں اینٹی منی اور سونے کے ذخائر کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

