برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر برطانوی مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتِ حال اور دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی سطح پر تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کی خدمات کا اعتراف کیا۔
بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
