Turkiya-Logo-top

اے کے پارٹی کے 25 سال مکمل، ایردوان کا ترقی، دفاع اور نئے اہداف کے ساتھ سفر جاری رکھنے کا اعلان

ترکیہ کی حکمران جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) نے اپنے قیام کے 25 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ جماعت نے 2001 میں عوام کی امید بن کر اپنا سیاسی سفر شروع کیا تھا اور گزشتہ ڈھائی دہائیوں کے دوران ملک میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔

اے کے پارٹی کے 25ویں یومِ تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ گزشتہ 25 برسوں میں ترکیہ نے دفاعی صنعت میں بیرونی انحصار کم کیا اور اب ملک جنگی بحری جہاز، ڈرون، ہیلی کاپٹر، ٹینک، میزائل اور آبدوز سمیت مختلف دفاعی مصنوعات خود تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران ترکیہ میں 24 ہزار کلومیٹر نئی سڑکیں تعمیر کی گئیں، جبکہ موٹرویز کی مجموعی لمبائی بھی تقریباً دوگنا کی گئی۔

صدر ایردوان کے مطابق ملک میں صفر سے 2,251 کلومیٹر تک تیز رفتار ریل نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے اور حکومت کا ہدف ہے کہ 2028 تک 27 شہروں کو تیز رفتار ٹرین نیٹ ورک سے جوڑ دیا جائے۔

ہاؤسنگ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے کے ذریعے 17 لاکھ 66 ہزار مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید تین لاکھ 69 ہزار مکانات زیرِ تعمیر ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ 6 فروری کے تباہ کن زلزلوں کے بعد متاثرین کے لیے چار لاکھ 55 ہزار مکانات اور کاروباری یونٹس تعمیر کیے گئے اور تقریباً تین برس میں ان کی حوالگی مکمل کی گئی۔

دہشت گردی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ تقریباً 40 برس سے جاری اس مسئلے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت قومی اتحاد کے ذریعے ملک کو دہشت گردی سے پاک اور آنے والی نسلوں کے لیے زیادہ پُرامن بنانا چاہتی ہے۔

صدر ایردوان نے مزید کہا کہ اے کے پارٹی نے گزشتہ 25 برس میں بہت سے کام کیے ہیں، تاہم جماعت کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ ان کے مطابق اب آنے والے 25 سے 50 برس کے لیے نئے اہداف کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔

Read Previous

ماسکو میں پاکستان کا 80واں یومِ آزادی، تین روزہ تقریبات میں پاک روس دوستی کے رنگ نمایاں

Read Next

باکو میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، پاک آذربائیجان دوستی کے رنگ نمایاں

Leave a Reply