ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد میں مصر کی شمولیت کا امکان ظاہر کردیا۔
انادولو ایجنسی کے ’’ایڈیٹرز ڈیسک‘‘ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ مصر پہلے ہی ہر اہم معاملے میں ترکیہ کا فطری شراکت دار ہے اور انہیں یقین ہے کہ اگلے مرحلے میں مصر بھی مکہ دفاعی اتحاد کا حصہ ہوگا۔

ترک وزیر خارجہ کے مطابق اس حوالے سے چند تکنیکی معاملات باقی ہیں، جن کے حل کے بعد مصر کی شمولیت میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھی مصر کی شمولیت کے معاملے پر اختلاف نہیں رکھتے۔
حاقان فیدان نے یہ بھی بتایا کہ مکہ معاہدے میں شامل ہونے کے خواہش مند مزید ممالک بھی موجود ہیں، جبکہ صدر رجب طیب ایردوان کا وژن اس اتحاد کو صرف تین بانی ممالک تک محدود رکھنے کے بجائے مستقبل میں مزید وسعت دینا ہے۔
