حماس کے نو منتخب سربراہ خلیل الحیہ نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ تنظیم کی آئندہ حکمتِ عملی سے متعلق چھ اہم ترجیحات کا اعلان کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حماس کی سب سے پہلی ترجیح غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا مکمل خاتمہ اور اسرائیلی افواج کا غزہ سے مکمل انخلا ہے
اپنے پہلے ٹیلی وژن خطاب میں خلیل الحیہ نے جنگ بندی مذاکرات میں ثالثی کرنے والے ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر پہلے سے طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے دباؤ بڑھائیں تاکہ مذاکرات کے اگلے مرحلے کی جانب پیش رفت ممکن ہو
انہوں نے کہا کہ حماس کی دوسری ترجیح غزہ میں فلسطینیوں کے لیے باوقار زندگی کی بحالی، جبری بے دخلی کے منصوبوں کو ناکام بنانا، تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنا اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانا ہے
خلیل الحیہ کے مطابق تیسری ترجیح فلسطینی قومی سطح پر فوری مکالمے کا آغاز اور فلسطینی قومی اداروں، بالخصوص فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او)، کی ازسرنو تشکیل ہے تاکہ تمام فلسطینی دھڑوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھی ترجیح عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، جبکہ پانچویں ترجیح عرب اور مسلم ممالک کو متحرک کرنا ہے تاکہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت اور غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کریں
خلیل الحیہ نے اپنی چھٹی ترجیح بیان کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی جرائم کے ذمہ دار افراد کا احتساب یقینی بنایا جائے
واضح رہے کہ حماس نے پیر کے روز خلیل الحیہ کو اپنے سیاسی بیورو کا سربراہ منتخب کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یحییٰ السنوار کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی جو اکتوبر 2024 میں جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی افواج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں غزہ میں وسیع فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اس جنگ میں 73 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک اور تقریباً ایک لاکھ 74 ہزار زخمی ہوئے، جبکہ غزہ کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔ بعد ازاں اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔
