ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے منگل کے روز انقرہ میں پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو اور قومی انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، انٹیلی جنس روابط، انسداد دہشت گردی اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اہم موضوعات میں شامل رہے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچے ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو "ترک مسلح افواج کا اعلیٰ امتیازی خدمات کا تمغہ” عطا کیا۔
یہ اعزاز انہیں پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ، دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور ترک مسلح افواج کی ترقی و استحکام میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل ترک سیاسی اور عسکری قیادت سے مزید ملاقاتیں کریں گے جن میں دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلۂ خیال متوقع ہے
اسی ماہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی استنبول میں ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-ترکیہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
