اسلام آباد: ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیراوغلو سے پاکستان ترکیہ ایلومنائی ایسوسی ایشن کے صدر سیف الاسلام نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، کے صدر سیف الاسلام نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی شراکت داری، تحقیق، ادارہ جاتی روابط اور سابق طلبہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، اعلیٰ تعلیم، تحقیق، کاروبار اور سرکاری و نجی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی۔
سفیر عرفان نذیراوغلو نے کہا
” پاکستان میں مختلف سرکاری اداروں، جامعات، کاروباری حلقوں اور نجی شعبے میں خدمات انجام دینے والے ترکیہ کے سابق طلبہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کا قیمتی سرمایہ ہیں، یہ افراد نہ صرف تعلیم اور پیشہ ورانہ شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرپا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں”
ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان ترکیہ ایلومنائی ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم کے ذریعے سابق طلبہ کے باہمی روابط کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ مشترکہ تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ترکیہ سے تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی سابق طلبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، اخوت اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
