Turkiya-Logo-top

اسلام آباد میں پاکستانی بچوں کو ترکیہ کی زبان و ثقافت سے متعارف کرانے والے سمر کیمپ کی اختتامی تقریب

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقدہ "بچوں کے سمر کیمپ” کی تقریب اسناد منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، ترکیہ کے سفارت خانے کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر محمد تویران، یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ایرن میاس اوغلو، یونیورسٹی کے منتظمین اور بچوں کے والدین بھی شریک ہوئے۔

دو ہفتوں پر محیط سمر کیمپ کے دوران تقریباً 30 پاکستانی بچوں کو ترک زبان، روایتی خطاطی، روایتی تیراندازی اور منگالا نامی روایتی حکمتِ عملی کے کھیل کی تربیت فراہم کی گئی۔ مختلف ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو ترکیہ کی تاریخ، روایات اور ثقافتی ورثے سے قریب سے آشنائی کا موقع بھی ملا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے کہا، "پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد پر مبنی ایک مضبوط برادرانہ بندھن ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، ثقافت اور عوامی سطح کے تبادلوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے، اور نئی نسلوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ایسے پروگرام خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔”

انہوں نے کہا، "پاکستانی طلبہ کے لیے ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم اور وظائف کے بے شمار مواقع موجود ہیں، تاہم ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے ترک زبان، ادب، ثقافت اور معاشرے سے واقفیت ضروری ہے ، یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ ترک زبان کے کورسز، تعلیمی پروگراموں اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو ترکیہ کی زبان، روایات اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ترک سمر کیمپ اور دیگر تعلیمی و ثقافتی پروگراموں کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پاکستان بھر میں قائم علاقائی کیمپس تک توسیع دی جائے گی تاکہ چاروں صوبوں کے زیادہ سے زیادہ طلبہ ان مواقع سے مستفید ہو سکیں۔”

انہوں نے مزید کہا "اس طرح کے اقدامات دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار دوستی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔”

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "اس نوعیت کے پروگرام بچوں میں ثقافتی شعور اجاگر کرنے، بین الاقوامی دوستی کے فروغ اور مختلف تہذیبوں کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔”

انہوں نے سمر کیمپ مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "ترک زبان سیکھنے کا سفر جاری رکھیں، کیونکہ زبان اور ثقافتی تفہیم بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع سے فائدہ اٹھانے کے مؤثر ذرائع ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا، "ایسے پروگرام نوجوانوں کے تعلیمی افق کو وسیع کرنے، مختلف ثقافتوں کو سمجھنے اور عالمی سطح پر نئے مواقع سے استفادہ کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔”

یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ایرن میاس اوغلو نے بتایا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران اس سمر کیمپ کو غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اب تک ایک سو سے زائد پاکستانی بچے ترک زبان اور ثقافت سے روشناس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، "اسلام آباد سے شروع ہونے والا یہ پروگرام اس سال کراچی میں دوسری مرتبہ منعقد کیا گیا، جبکہ آئندہ ہفتے پہلی بار لاہور میں بھی اس کا انعقاد کیا جائے گا۔”

انہوں نے مزید کہا، "ہمارا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی دوستی کے اس مضبوط رشتے کو مزید وسعت دینا اور نئی نسلوں کو ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت سے قریب لانا ہے۔”

ایرن میاس اوغلو نے اپنے خطاب میں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے سابق کنٹری ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے بچوں کے سمر کیمپ منصوبے کے آغاز اور فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا، "پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی اور علمی روابط کے استحکام کے لیے پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار کی خدمات ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھی جائیں گی۔”

اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کولیبوریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر زاہد مجید نے بتایا کہ 30 طلبہ نے دو ہفتوں پر مشتمل پروگرام میں ترک زبان و ثقافت کی جامع تربیت حاصل کی، جس کا مقصد نوجوان نسل کو دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔

تقریب کے اختتام پر سمر کیمپ کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ طلبہ نے کیمپ کے دوران سیکھے گئے فنون اور سرگرمیوں کی جھلکیاں بھی پیش کیں۔ تقریب کا اختتام یادگاری گروپ فوٹو اور طلبہ کی پیشکشوں کے ساتھ ہوا۔

یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اشتراک سے جاری یہ سمر کیمپ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور نئی نسلوں کے درمیان پائیدار دوستی کے رشتوں کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔

Read Previous

بائیکار اور لیونارڈو نے انسان بردار اور بغیر پائلٹ طیاروں کے مشترکہ آپریشنز کے لائیو ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیے

Read Next

ترک انٹیلیجنس چیف کا اہم دورہِ لیبیا: غزہ امدادی قافلے کے 10 یرغمال کارکنان کی رہائی، ترکیہ کی کامیاب تزویراتی سفارتکاری

Leave a Reply