اسلام آباد: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف سے ملاقات کی، جس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ترقیاتی ترجیحات، مستقبل کے منصوبوں، شہری انتظام اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان ممکنہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد کے سرسبز و شاداب قدرتی ماحول، جدید انفراسٹرکچر، منظم شہری منصوبہ بندی اور تیزی سے ترقی کرتی شہری سہولیات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ اسلام آباد اپنی قدرتی خوبصورتی، اعلیٰ معیارِ زندگی اور متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے باعث خطے کے ممتاز ترین اور رہنے کے لیے موزوں دارالحکومتوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
دونوں شخصیات نے شہر کو مزید جدید، پائیدار اور شہری ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جاری ترقیاتی اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقات میں شہری ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری، ماحول دوست منصوبہ بندی، عوامی سہولیات کے فروغ اور مستقبل میں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے اسلام آباد کی ترقی، اس کے خوبصورت شہری ڈھانچے اور انتظامی اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجربات اور مہارت کے تبادلے سے شہری ترقی اور جدید انتظامی منصوبہ بندی کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔
