Turkiya-Logo-top

پاک فضائیہ کے چیف کا دورہ ترکیہ ، ترک وزیر دفاع ، ائیر چیف سمیت اہم ملاقاتیں

پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، نے جمہوریہ ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اوغلو، وزیرِ قومی دفاع یاشر گولر، اور بایکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بایراکتار سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، ایرو اسپیس جدت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور اسٹریٹجک اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگرامز اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک فضائیہ کے سربراہ نے ترک پائلٹس کی تربیت میں پاک فضائیہ کے کردار اور تعاون کو سراہا۔


وزیرِ دفاع یاشر گولر سے ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو اسپیس تعاون کے شعبوں میں مزید پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔

ایک اور اہم ملاقات میں پاک فضائیہ کے سربراہ نے بایکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بایراکتار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایرو اسپیس جدت، بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرون ٹیکنالوجی) اور ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے نئی نسل کی دفاعی ٹیکنالوجیز میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ وژن کا اعادہ کیا گیا۔

Read Previous

ترکیہ کا بڑا ریسکیو آپریشن کامیاب — “عالمی صمود فلوٹیلا” کے 422 رضاکار بحفاظت استنبول پہنچ گئے

Leave a Reply