Turkiya-Logo-top

ترک سفارتخانے میں “دی ہیریٹیج ٹیبل” کے عنوان سے ترکش کیوزین ویک 2026 کی پروقار تقریب

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی جانب سے ترکش کیوزین ویک 2026 کے سلسلے میں ترک سفارتخانے پر "دی ہیری ٹیج ٹیبل” کے نام سے ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس کا مقصد ترکیہ کے روایتی کھانوں، ثقافتی ورثے اور پائیدار غذائی روایات کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب میں میڈیا نمائندگان، ثقافتی شخصیات، فوڈ بلاگرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء کو ترکیہ کی صدیوں پر محیط روایتی مہمان نوازی اور منفرد ذائقوں سے روشناس کرایا گیا۔

مہمانوں کیلئے ترکیہ کے معروف روایتی کھانے پیش کیے گئے جبکہ ترک کافی نے تقریب کی دلکشی میں مزید اضافہ کیا۔ تقریب کی خاص توجہ “لائیو گوزلمے میکنگ” رہی جہاں مہمانوں نے ترک خواتین کو روایتی انداز میں تازہ گوزلمے تیار کرتے دیکھا اور اس منفرد ذائقے سے لطف اندوز ہوئے۔

تقریب کے دوران ترک ثقافت میں کھانے کی اہمیت، خاندانی روایات اور مشترکہ دسترخوان کے تصور کو نمایاں کیا گیا۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ “دی ہیریٹیج ٹیبل” صرف کھانوں کی نمائش نہیں بلکہ ایک ایسی ثقافتی روایت ہے جو لوگوں کو محبت، روایت اور مشترکہ اقدار کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔

اس موقع پر پائیدار طرزِ زندگی، زیرو ویسٹ کلچر اور صحت بخش روایتی غذاؤں کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے ترکیہ کے ثقافتی ورثے اور روایتی پکوانوں کو سراہتے ہوئے تقریب کو دونوں ممالک کے عوامی و ثقافتی روابط کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر ترک سفارتخانے کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس یادگار شام کو مزید خوبصورت بنایا۔

Read Previous

ٹکا اور ایچ بی آر آئی-نارک کے اشتراک سے عالمی یومِ شہد کی مکھی کی تقریب، زرعی تعاون کے فروغ پر زور

Leave a Reply