ترکیہ کے مشرقی صوبے وان میں ہفتہ کی صبح 5.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ ادارے کے مطابق زلزلہ وان کے ضلع توشبہ میں صبح 8 بج کر 52 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی تقریباً 7 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں نگرانی کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کا بروقت اندازہ لگایا جا سکے۔
واضح رہے کہ ترکیہ ایک اہم فالٹ لائن پر واقع ہے، جہاں ماضی میں بھی کئی شدید زلزلے آ چکے ہیں۔ سن 2023 میں آنے والے تباہ کن زلزلوں میں 50 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ جنوبی ترکیہ اور شمالی شام میں وسیع پیمانے پر تباہی دیکھنے میں آئی تھی۔
ماہرینِ ارضیات مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ ملک کے بڑے شہر استنبول میں بھی ایک بڑے زلزلے کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر حکام حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق موجودہ زلزلے کے بعد بھی احتیاطی تدابیر جاری رکھی جائیں گی اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
