امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکہ کے مغربی ساحل، بالخصوص کیلیفورنیا، کو ممکنہ طور پر خودکش ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ ایران جوابی کارروائی کے طور پر مشرقِ وسطیٰ سے باہر بھی اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس کے مطابق ممکنہ حملوں میں خودکش ڈرون استعمال کیے جا سکتے ہیں، جنہیں عسکری اصطلاح میں لوئٹرنگ میونیشنز بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ڈرون کسی مخصوص علاقے میں گردش کرنے کے بعد پہلے سے طے شدہ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے باعث ان کا بروقت سراغ لگانا مشکل ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ چکی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں 1300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں ایران کی اعلیٰ قیادت کے بعض اہم عہدیدار بھی شامل ہیں۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر داخلی سلامتی کے اقدامات کو مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
