لاہور — پنجاب حکومت نے "اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت صرف چھ ماہ میں 62,500 گھر مکمل کر کے پاکستان کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں کم آمدنی والے اور بے گھر افراد کو بلاسود قرضوں اور سہولتوں کے ذریعے اپنا گھر بنانے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک اس اسکیم کے تحت 74 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں، جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ عوام کو چھت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت میں تعمیراتی شعبے کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ "ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہر شخص کو چھت فراہم کریں گے، اور آج ہم اس وعدے کی تکمیل کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں،” انہوں نے کہا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس اسکیم میں شفافیت، تیز رفتار عمل درآمد اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ مستحقین کا انتخاب شفاف طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے اور قرضوں کی ادائیگی میں کسی قسم کا سود شامل نہیں۔مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلے مرحلے میں مزید ہزاروں گھروں کی تعمیر مکمل کی جائے گی اور اسکیم کو پنجاب کے ہر ضلع تک توسیع دی جائے گی تاکہ کوئی بھی شخص اپنا گھر بنانے کے خواب سے محروم نہ رہے۔
