دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کے درست اعداد و شمار پر تحفظات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق 27 ممالک کی طرف سے ہلاکتوں کے جاری کئے گئے اعداد و شمار حقیقی صورتحال سے کوسوں دور ہیں۔ گو کہ ایک طرف وائرس سے متاثرہ افراد کا ریکوری ریٹ سب سے بہتر رہا لیکن اس کے باوجود ان ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد بھی زیادہ بتائی گئی ہے۔
کئی کیسز میں یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ مرنے والے پہلے سے مختلف بیماریوں کا شکار تھے لیکن جیسے ہی کورونا کو عالمی وبا کا درجہ دیا گیا ویسے ہی مختلف ممالک نے ڈھیر ساری اموات کے اعداد و شمار جاری کرنا شروع کر دیئے۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں کہ کورونا وائرس کے بہت سے کیسز رپورٹ نہیں ہو سکے کیونکہ بیشتر ممالک کا ہیلتھ کیئر سسٹم ٹیسٹنگ کیلئے تیار نہ تھا۔ بہت سے لوگ وائرس سے متاثر ہو کر گھروں پر ہی آئیسولیٹ ہو کر صحت یاب ہو گئے جبکہ کئی لوگ اس وائرس کا شکار ہو کر گھروں میں ہی جاں بحق ہو گئے۔
اب تک جو اعداد و شمار جاری ہوئے ہیں وہ مختلف ممالک کی طرف اسپتالوں میں اموات کو ظاہر کرتے ہیں لیکن جو گھروں میں جاں بحق ہو گئے ان کی اموات رپورٹ نہیں ہو سکی ہیں۔ اسی طرح جو ریکور کر گئے ان کی اصل تعداد کا بھی علم نہیں ہے۔
بی بی سی کے مطابق دنیا کے بیشتر ممالک جن میں خاص طور پر غریب ممالک شامل ہیں ان ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے اعداد و شمار پر یقین نہیں کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عام حالات میں بیشتر ممالک میں معمول کی اموات کی شرح کو نہیں دیکھا گیا ہے۔ کئی کیسز میں ایسا بھی ہوا ہے کہ مریض کسی دائمی مرض کا شکار تھا لیکن اسپتال پہنچتے ہی اس کو کورونا وائرس کا مریض قرار دے دیا گیا۔ اس دوران اگر اس کی موت واقع ہو گئی تو اسے کورونا وائرس کے کھاتے میں ڈال دیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف بیماریوں کے شکار افراد کورونا وائرس کا آسانی سے شکار بن گئے لیکن ان کی میڈیکل ہسٹری کو دیکھے بغیر انہیں کورونا وائرس کا مریض قرار دے کر اموات کی شرح بڑھائی گئی ہے۔
کورونا وائرس نے مختلف ممالک میں مختلف اوقات پر بالکل مختلف حکمت عملی اپنائی ہے۔ کئی ممالک میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں ابھی بھی اضافہ ہو رہا ہے لیکن کئی ممالک اپنے معمول کے اموات کی شرح پر واپس آ گئے ہیں۔ ممکن ہے کہ کچھ عرصے بعد کئی ممالک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد مزید بڑھ جائے لیکن ابھی تک جو اعداد و شمار جاری کئے گئے ہیں ان کے حقیقی ہونے پر تحفظات ہیں۔ بی بی سی کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 4 لاکھ 40 ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس تعداد میں ایک لاکھ 30 ہزار افراد یا تو زائد دکھائے گئے ہیں یا ان کی تعداد کم دکھائی جا رہی ہے۔ کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے حقیقی اعداد و شمار کا ابھی تک کوئی میکنزم بن نہیں سکا ہے۔ مختلف عالمی ادارے ممالک کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد و شمار پر ہی بھروسہ کر رہے ہیں اور ان ٹھیک یا غلط ہونے پر ابھی تک کوئی نظام وضع نہیں کیا جا سکا ہے۔
