پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے لاہور کا 2 روزہ دورہ کیا۔ اس دورے میں انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک آرٹ فیسٹول کا افتتاح کیا اور اہم شخصیات سے ملاقاتوں سمیت مختلف تقریبات میں شرکت کی۔ ترک قونصل جنرل لاہور درمش باش طوغ اور کمرشل اتاشی نورالتین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ترک سفیر نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر سے ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کی جامعات کے درمیان مشترکہ تحقیق کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
اس کے بعد ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے چیمبر کے صدر ابوذر شاد، سینئر نائب صدر خالد عثمان، پاک ترک بزنس کمیٹی کے کنوینئر ملک جہانگیر، اور ترکیہ اردو کے ایڈیٹر محمد حسان کا خیر مقدم کیا اور پاک ترک تجارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
ترک سفیر نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی پاکستان آمد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ان کے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد ترک سفیر نے شاہی قلعے میں اسلامک آرٹ فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے قرآن پاک کے نادر نسخوں اور اسلامی خطاطی کے نمونوں کا جائزہ لیا اور مسلم آرٹ کی انفرادیت اور فروغ پر اظہار خیال کیا۔
اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن انہوں نے لاہور میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسلامک آرٹ نمائش کا افتتاح کیا۔ لاہور میوزیم کی مینجمنٹ سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان آرٹ کے تبادلے پر اظہار خیال کیا۔
ترک سفیر نے لاہور قونصلیٹ میں ترک اداروں کے سربراہان اور نمائندوں سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا۔
ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے شالا مار باغ میں صبح کی سیر کی جہاں وہ لاہوری نوجوان بچوں سے گھل مل گئے۔

