Turkiya-Logo-top

  آئندہ نسلوں کے لیے سرسبز ترکیہ کی کوششیں

ترکیہ کے شہر، ازمیر کے توربالی فورسٹ نرسری ڈائریکٹوریٹ میں تیار کیے جانے والے لاکھوں پودے ترکیہ  میں سبزے کے فروغ اور جنگلات کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ نرسری 1959 میں 60 ہیکٹر (148.26 ایکڑ) پر قائم کی گئی تھی اور یہاں اگائے جانے والے پودے نہ صرف جلائے گئے جنگلات کو دوبارہ سرسبز بنانے میں مدد دیتے ہیں، بلکہ ملک بھر میں پارکس اور باغات کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔

توربالی نرسری کے سربراہ،حیدر کین کیرازلی  کے مطابق، 2024 میں نرسری نے 4 ملین پودے اگائے جن کا تعلق 50 مختلف اقسام سے تھا۔ 2025 تک اس تعداد کو 7 ملین پودوں تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے، جن کا تعلق 75 اقسام سے ہوگا۔

کیرازلینے بتایا کہ، نرسری میں زیادہ تر ریڈ پائن کے درخت اگائے جاتے ہیں، جو ایجیئن ریجن کے جنگلات کی بحالی کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ، بلند قامت اور جھاڑی نما آرائشی پودے ملک کے پارکس اور باغات کی زینت بڑھانے کے لیے فراہم کیے جاتے ہیں۔

کیرازلی نے اس بات پر زور دیا کہ، ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے پودوں کی پیداوار کے عمل کو متاثر کیا ہے، حالیہ برسوں میں بڑھتے درجہ حرارت کی وجہ سے بیج کے اگنے کا عمل سست ہو گیا ہے، اور ہمارے پاس پیداوار کے لیے صرف دو ماہ کا وقت ہوتا ہے،

ان  کا مزید کہنا تھا کہ، جنگلات کے کناروں پر بلیو سائپرس اور بلیک سائپرس جیسے درخت خاص اہمیت رکھتے ہیں ، کیونکہ یہ حفاظتی رکاوٹوں کا کام کرتے ہیں اور جنگلات کو آگ سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

نرسری میں چنار کے درخت اور فالس اکیشیا جیسے بلند قامت اور خوشنما درخت بھی اگائے جاتے ہیں، جو پارکس اور باغات کی تزئین و آرائش کے لیے پسند کیے جاتے ہیں۔

بیجوں اور پودوں کو محفوظ رکھنے کے لیے نرسری میں دو کولڈ اسٹوریج یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اس انفراسٹرکچر کی مدد سے پیداوار کے عمل میں تسلسل اور شپمنٹ کے دوران معیار کو برقرار رکھا جاتا ہے۔

توربالی نرسری نہ صرف جلائے گئے جنگلات کی بحالی،  بلکہ پارکس اور باغات کی خوبصورتی کے ذریعے ترکیہ کے سبز مستقبل کے لیے کام کر رہی ہے۔ کیرازلی کا کہنا ہے کہ، ہماری تمام تر کوششیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ،  آئندہ نسلوں کے لیے ایک سرسبز ترکیہ چھوڑ کر جائیں۔

Read Previous

ترکیہ کی صدارتی قومی لائبریری نے پانچ سالوں میں 70 لاکھ افراد کی میزبانی کی

Read Next

تاریخ میں پہلی بار اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ کا شام کا دورہ

Leave a Reply