turky-urdu-logo

ترکیہ میں عید

تحریر :  اسلم بھٹی

 

ترکیہ میں عید کا تہوار روایتی رواداری ، مذہبی جوش و خروش ، بھائی چارے ، محبت، امن، یکجہتی اور خوشی کے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ترک زبان میں عید کو” بیرام ” کہتے ہیں اور عید الفطر کو ” رمضان بیرام ” یا  ” شکر بیرام ” کہا جاتا ہے۔

خاص طور پر بچے عید کا بڑی شدت سے انتظار کرتے ہیں۔وہ اس لیے کہ انہیں نئے کپڑے، جوتے اور ڈھیر ساری عیدی ملنے کی توقع ہوتی ہے۔

دوسرے شہروں میں کام کا ج یا ملازمت کے سلسلے میں موجود لوگ عید سے قبل اپنے اپنے آبائی شہروں اور علاقوں میں چلے جاتے ہیں۔ وہ عید کا تہوار اپنوں کے ساتھ منانے کو ترجیح دیتے ہیں۔

یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ عید کے دنوں میں حکومت سفری سہولیات یا تو انتہائی کم کرایوں پر مہیا کرتی ہے یا بالکل مفت سفری سہولیات فراہم کرتی ہے ۔ خصوصی بسیں اور ٹرینیں چلائی جاتی ہیں جو مسافروں کو اپنی اپنی منزل پر پہنچاتی ہیں۔ یہی نہیں بلکہ حکومت اور مختلف ادارے اپنے ملازموں کو عیدی کے طور پر بونس اور تحائف بھی دیتے ہیں۔

عید سے قبل لوگ  اپنا فطرانہ، زکوٰۃ ، خیرات اور صدقات معاشرے کے ضرورت مند افراد اور خاندانوں میں تقسیم کر دیتے ہیں۔

عید کے روز لوگ صبح سویرے جاگتے ہیں اور نماز فجر ادا کرتے ہیں ۔عید کے روز نئے کپڑے پہنتے ہیں۔ خاص طور پر نوجوان اور بچے عید کا لباس بڑے ذوق شوق سے زیب تن کرتے ہیں۔  نماز سے قبل کوئی میٹھی چیز بھی گھر سے کھا کر جاتے ہیں جو سنت بھی ہے۔ عید کی نماز علاقے کی جامع مسجد میں صبح جلد ہی ادا کی جاتی ہے ۔ ملک و قوم کے لیے دعائیں کی جاتی ہیں۔ نماز عید کے بعد لوگ ایک دوسرے کو گلے ملتے ہیں اور اقرباء ، دوستوں اور محلے کے لوگوں کو مل کر عید کی مبارکباد دیتے ہیں ۔

بچوں کو عید کا اس لیے بھی انتظار ہوتا ہے کہ اس روز انہیں خصوصی طور پر اپنے بڑوں کی طرف سے عیدی ملتی ہے۔  بچوں کو چاکلیٹ ، مٹھائی اور دیگر تحائف بھی دیے جاتے ہیں۔

عید کے روز ترکیہ میں خصوصی کھانے پکائے اور مزے سے کھائے جاتے ہیں جن میں پلاؤ،  باربی کیو اور سویٹ ڈشز شامل ہیں۔  بقلاوا اور لوکوم دو مشہور ترک ڈیلائٹس ہیں جو بڑے شوق سے کھائی جاتی ہیں ۔ عید پر ہمسایوں، رشتہ داروں اور دوستوں کے گھروں میں عید ملنے بھی جایا جاتا ہے۔ تحائف کا بھی تبادلہ ہوتا ہے ۔

عید کے دوسرے روز لوگ پارکوں  میں سیر و تفریح کے لیے یا دوسرے شہروں میں اپنے رشتہ داروں اور اقرباء سے ملنے کے لیے چلے جاتے ہیں۔

حکومت اور مقامی ادارے بھی شہریوں کی سیر و تفریح کے لیے مختلف پروگرامز اور سرگرمیاں منعقد کرتے ہیں اور اور کم نرخوں پر ٹکٹ مہیا کر کے ان کو تفریح کا  خوب موقع فراہم کرتے ہیں۔

مختصراً یہ کہ ترکیہ میں رمضان  بیرام  یعنی عید رمضان کا تہوار انتہائی خوش گوار اور بڑے روایتی انداز سے منایا جاتا ہے۔

ھماری طرف سے سب قارئین کو ” رمضان بیرام مبارک”  ۔

 

Read Previous

صدر ایردوان کا اپنے آذربائیجانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

Read Next

صدر ایردوان اور قطری امیر کا غزہ میں انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال

Leave a Reply