
ترک ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا ہے کہ روزانہ کم از کم 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اس کے 2.3 ملین لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کی جا سکے۔
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہر کسی کا دل دکھ رہا ہے، اور ہر کوئی اس بات پر متفق ہے کہ امداد کسی نہ کسی طریقے سے غزہ میں پہنچنی چاہیے۔
تازہ ترین تنازعے سے پہلے، روزانہ اوسطاً 500 ٹرک علاقے میں داخل ہوتے تھے۔ لیکن 7 اکتوبر کو غزہ میں لڑائی شروع ہونے کے بعد سب کچھ رک گیا اور غزہ کو خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا۔
انکا کہنا تھا کہ وہ مصری ہلال احمر، فلسطینی ہلال احمر اور محصور علاقے میں مقامی اہلکاروں کے ساتھ مل کر غزہ میں امداد کی تقسیم کے حوالے سے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف امداد اکٹھا کرنا کافی نہیں ہے۔ وہاں امداد پہنچانے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی راہداری کھولنی چاہیے۔ ہم جانتے ہیں کہ قطرہ قطرہ امداد بھیجنا کافی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی ہمدردی کی تنظیم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو خط لکھا ہے اور کہا ہے کہ انہیں غزہ میں انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور انسانی وقار کا احترام یقینی بنانا ہوگا۔