turky-urdu-logo

اسلامی خاندانی اقدار کی نمائش کرتا امریکہ میں مسلمانوں کا بڑا اجتماع

اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی جانب سے امریکی شہر بالٹیمور کے کنونشن سنٹر میں سالانہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں تقریبا 30 ہزار مسلمانوں نے شرکت کی۔ کنونشن کا مقصد ایمان، خاندانی اقدار اور مستقبل جیسے موضوعات پر شرکاء کو آگاہی دینا تھی۔ نیز، شرکاء کے لیے معاشی مواقع کا سامان بھی مہیا کیا گیا۔

کنونشن میں خاندانی تعلقات اور کمیونٹی کی شمولیت کو مضبوط کرنے کے لیے خصوصی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ ہر سال اس طرح کے کنونشن کا انعقاد کرتی ہے۔رواں سال اس کنونشن میں 160 کے قریب سیشز ہوئے جس سے 100 سے زائد مقررین نے خطاب کیا۔ کنونشن میں امریکہ اور دنیا کے مختلف حصوں سے مسلمانوں نے اپنے خاندانوں سمیت شرکت کی۔

اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے صدر ڈاکٹر محسن انصاری نے کنونشن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کنونشن میں دنیا بھر سے 500 دکاندار اپنی مصنوعات بیچ رہے ہیں جبکہ 25000 سے زائد لوگ خریدار کے طور پر موجود ہیں۔ انہوں نے اس کاوش کو ملک و شہر کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔

امریکہ کے لیے ترک سفیر حسن مرات مرکان، پاکستانی سفیر مسعود خان اور سینیٹر مشتاق احمد خان بھی اس اجتماع میں شریک ہوئے۔ کنونشن کے دوران، ترک سفیر کو ICNA کی جانب سے کمیونٹیز اور مخیر تنظیموں کے ساتھ مشکل وقت میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر ‘کمیونٹی سروس ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سفیر حسن مرکان نے ترکی میں زلزلے کے دوران انسانی ہمدردی کی خدمات پر ICNA کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکہ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے زلزلہ متاثرین کو انتہائی ضروری طبی امداد فراہم کی۔کنونشن کے دوران پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنے ترک ہم منصب کو رجب طیب ایردوان کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔

‏ICNAنے مسلمانوں کے اس اجتماع کو دعوت کا ذریعہ بھی بنایا۔ امریکہ میں اسلامی تعلیمات کو پھیلانے اور اقدار سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لیے دنیا بھر سے اہل علم بھی کنونشن کا حصہ بن گئے۔عمر سلیمان، امام صہیب ، شیخ عبداللہ اودورو،سراج وہاج جیسے مایہ ناز اہل علم نے شرکاء کو اسلامی موضوعات پر لیکچرز دیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے بھی اعزاز حاصل کرتے ہوئے سب سے بڑے اور متنوع اسلامی کنونشن میں شرکت کی۔ اردو زبان میں تقریر کرتے ہوئےان نوجوان بلے بازوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو سیکھنے کے عمل میں مشغول رکھیں۔ انہوں نے کہا بزرگوں کا احترام کریں اور ان کے مشورہ پر غور کریں کیونکہ ان کے پاس زندگی کا زیادہ تجربہ ہے۔

Read Previous

ترکیہ کے نئے وزیر دفاع یاشار گولیر نے اپنا عہدہ سنھبال لیا

Read Next

ترکیہ کے نئے قومی دفاع کے وزیر نے اپنا آفس سنبھال لیا

Leave a Reply