
ترکیہ نے یوکرین کی درخواست پر گندم سے لدے روسی جہاز کو حراست میں لے لیا ۔
ترکیہ میں یوکرین کے سفیر واسیلی بودنار نے کہا کہ مبینہ طور پر یوکرائنی اناج لے جانے والے ایک روسی کارگو جہاز کو ترکیہ کے کسٹم حکام نے کیف کی درخواست پر حراست میں لے لیا ہے۔
سفیر کے مطابق، تفتیش کار جہاز کی قسمت کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
یوکرینی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارا ترکیہ کے ساتھ مکمل تعاون ہے۔ جہاز اس وقت بندرگاہ کے دروازے پر کھڑا ہے، اسے ترکیہ کے کسٹم حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یوکرین نے ترکیہ سے درخواست کی تھی کہ روس کے جھنڈے والے کارگو بحری جہاز “زیبک زوہلے”کو روس کے زیر قبضہ بندرگاہ بردیانسک سے یوکرین کی چوری شدہ گندم لے جانے پر روک لیا جائے۔
یوکرینی میڈیا کے مطابق یوکرینی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز ملک کی میری ٹائم انتظامیہ سے موصول ہونے والی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ زیبک زوہلے باربردار جہاز نے روس کے زیر قبضہ بردیانسک کی بندرگاہ سے تقریباً 4,500 ٹن اناج کا پہلا کارگو لوڈ کیا ہے جس کا تعلق یوکرین سے ہے۔ چنانچہ یوکرین نے ترک حکومت سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ اس کارگو جہاز کو ترک پانیوں میں داخلے پر قبضے میں لے لیا جائے۔