turky-urdu-logo

پاکستان کیلئے کورونا سے متعلق سفری ہدایات میں امریکا کی طرف سے مزید نرمی

امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن سی ڈی سی نے کورونا انفیکشن میں کمی کے بعد 6 ممالک کے لیے سفری ہدایات کا درجہ کم کر کے لیول ون لو کردیا۔

ان ممالک میں پاکستان، بھارت، جاپان، لائبیریا، گمبیا اور موزمبیق شامل ہیں۔

رواں برس اگست میں سی ڈی سی نے پاکستان کے لیے لیول 2 ٹریول ہیلتھ نوٹس جاری کیا تھا جو ملک میں کورونا وائرس کی معتدل صورتحال کی جانب اشارہ کر رہا تھا۔

ہفتے کے روز پاکستان میں کورونا کیسز مثبت آنے کی کم ترین شرح ریکارڈ ہوئی تھی جو 0.78 فیصد تھی جبکہ یومیہ کیسز کی تعداد میں اگست کے مقابلے نمایاں کمی آئی ہے۔

آخری مرتبہ ملک میں 231 سے کم کیسز 14 ماہ قبل اگست 2020 میں رپورٹ ہوئے تھے جس کی تعداد 213 تھی۔

اسی طرح کیسز مثبت آنے کی شرح مارچ میں ملک میں وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک دیکھی گئی سب سے کم شرح ہے۔

منگل کے روز پاکستان میں مسلسل چوتھے روز 300 سے کم کیسز رپورٹ ہوئے جس کی تعداد 216 ہے اور کیسز مثبت آنے کی شرح بھی مزید کم ہو کر 0.63 فیصد ہوگئی۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کی تشخیص کے لیے 33 ہزار 435 ٹیسٹ کیے گئے۔

اب تک مجموعی طور پر رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 12 لاکھ 80 ہزار 92 ہے جس میں سے 28 ہزار 618 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

حالیہ سفری ہدایات میں سی ڈی سی نے جمہوریہ چیک، ہنگری اور آئس لینڈ میں کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے ان ممالک کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سی ڈی سی نے ان 3 ممالک کے لیے سفری درجہ بندی کو بڑھا کر ’لیول فور: ویری ہائی‘ کردیا ہے اور امریکی شہریوں کو کہا ہے کہ یہاں کے سفر سے گریز کریں۔

Read Previous

2023 کے الیکشن میں نوجوان نسل کلیدی کردار ادا کرے گی، صدر ایردوان

Read Next

بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی جاری، کاروائی میں 4 کشمیری شہید

Leave a Reply