turky-urdu-logo

پاکستان: اقتصادی تعاون تنظیم کی دوسری جنرل کانفرنس کے اعزاز میں ثقافتی شو کا اہتمام

پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) نے اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی(پائیکو) کی دوسری جنرل کانفرنس کے غیر ملکی معززمہمانوں اور مندوبین کے اعزاز میں ثقافتی شو کا انعقاد کیا۔
اس تقریب میں ایران ، ترکمانستان ، آذربائیجان اور ترکی اور دیگر ممالک سے آئے معزز مہمانوں، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب ، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، پارلیمانی سیکرٹری کنول شوزب نے شرکت کی۔
نامور موسیقاروں اور لوک اداکاروں نے ثقافتی شو میں اپنی پر کشش پرفارمنس کے ذریعہ حاضرین کو محظوظ کیا، غیر ملکی مہمانوں نے بھی ثقافتی شو کی مختلف اور منفرد پرفارمنس کو بے حد پسند کیا اورتالیاں بجا کر داد دی ۔

رنگا رنگ لباس میں ملبوس لوک فنکاروں نے بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، پنجاب سمیت پاکستان کی مختلف علاقائی ثقافت کے رنگ بکھیرے اور رقص بھی پیش کیا جسے مہمانوں نے بے حد سراہا۔ معروف موسیقار پرائیڈ آف پرفارمنس استاد سائیں رئیس احمد خان نے گٹار کے سروں کی مہارت سے معزز مہمانوں اور حاضرین کو لطف اندوز کیا۔

خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مشہور آلہ موسیقی رباب بجانے کے ماہر گلاب آفریدی نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ عمران شوکت نے قوالی پیش کر کے شرکاءکے دل موہ لئے۔

بانسری نواز سلمان احمد نے بانسری پر سُر چھیڑے اور فنکاروں نے ترکی کے مشہور ڈرامہ سیریل’ ارطغرل غازی‘ کا گیت بھی پیش کیا۔

شرکاء نے ملک کے لوک ثقافت کو فروغ دینے اور پیش کرنے میں پی این سی اے کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک بھرپور ثقافتی ورثہ ہے ، جس کے ذریعے ملک کے مثبت تشخص کو مزیداجاگرکرنے کی ضرورت ہے۔

Read Previous

تاجک صدر امام علی رحمان کی پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات

Read Next

ترک صدر ایردوان 14 جون کو امریکی صدر سے ملاقات کریں گے

Leave a Reply