
اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ صابری پر دو ماہ کے لئے سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ 82 سالہ شیخ عکرمہ پر مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پہلے ہی سات ماہ کی پابندی عائد ہے۔
اسرائیلی حکومت کے نئے احکامات کے تحت مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ صابری دو ماہ کے لئے کسی بھی دوسرے ملک سفر نہیں کر سکتے ہیں۔
شیخ عکرمہ جو مسجد اقصیٰ کی شناخت کو بچانے کے لئے سرگرم ہیں کیونکہ انتہاپسند یہودی مسجد اقصیٰ کے بعض حصوں کو شہید کر کے یہاں کھدائی کرنا چاہتے ہیں۔
شیخ عکرمہ 1973 سے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کا خطبہ دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے مقبوضہ یروشلم کی مسجد اقصیٰ تیسری مقدس ترین جگہ ہے۔ اسرائیل نے 1967 کی جنگ میں مشرقی یروشلم پر قبضہ کر لیا تھا اور 1980 سے شہر کے بیشتر علاقوں کو خالی کروا کر یہاں یہودی بستیاں آباد کر لی ہیں۔