ترکی سے تجارتی سامان لے کر جانے والی ٹرین ماسکو پہنچ گئی ہے۔ یہ ٹرین دارالحکومت انقرہ سے 29 جنوری کو روانہ ہوئی تھی اور 12 روز بعد ٹرین ماسکو پہنچی ہے۔
ٹرین نے باکو- تبلیسی – کارس ریلوے کا روٹ استعمال کیا۔ اس ٹرین کے ذریعے ترک کمپنی آرجیلیک کا سامان لے کر گئی۔ ٹرین کے 15 کنٹینرز میں 4000 یونٹ کنزیومو الیکٹرونک کا سامان تھا۔
روس میں ترکی کے سفیر محمد سمسار نے ماسکو کے ریلوے اسٹیشن پر کارگو ٹرین کو ریسیو کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات اب تجارتی تعلقات میں بدل رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان اور روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارگو ٹرین صدیوں پرانے تجارتی راستے سلک روٹ کو استعمال کر رہی ہے جس سے تجارت آسان ہو گئی ہے۔
ترکی سے چلنے والی کارگو ٹرین آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی جاتی ہے۔ یہ تجارتی راستہ چین تک تجارتی سامان لے جانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
چین اپنا تجارتی سامان یورپ تک لے جانے کے لئے یہی راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے کیونکہ سمندر کے ذریعے تجارت مہنگی ہوتی جا رہی ہے اور سامان پہنچنے میں بہت زیادہ وقت لگ رہا ہے۔
چین کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ بھی یہی ہے جو چین کو وسط ایشیائی ریاستوں، یورپ اور مشرق وسطیٰ سے ملائے گا۔
ترک سفیر نے کہا کہ یہ ٹرین صرف تجارتی ہی نہیں بلکہ دوستی ٹرین ہے۔ اس سے دونوں کی تجارت میں جہاں اضافہ ہو گا وہیں عوام کے درمیان رابطے بھی مضبوط ہوں گے۔
روسی ریلوے کے ڈپتی منیجنگ ڈائریکٹر سرگئی پیولوف نے کہا کہ ترکی سے آنے والی پہلی تجارتی ٹرین نے ایک سنگ میل حاصل کر لیا ہے اب دونون ملکوں کے درمیان تجارت مزید وسیع ہو گی۔