اسلام آباد میں ترک ایمبیسی میں جنگ گیلی پولی کی 106 سال مکمل ہونے اور ترک قومی ترانے "استقلال مارشی” کے صد سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ پاک ترک معارف اسکولز کے تعاون سے منعقد کردہ تقریب کا مقصد جنگ عظیم اول میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب میں سفارتکاروں ، طلبا ، اساتذہ اور ماہر تعلیم نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی وزیر تعلیم شفقت محمود تھے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے ترک قوم کو فتح پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 18 مارچ ترکی کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔
وزیر تعلیم نے پاکستان میں ترک سفیر مصطفی یردکل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ہیں جس کے لیے ہم ان کے مشکور ہیں۔
ترک سفیر کا کہنا تھا کہ جنگ گیلی پولی محض زندگیاں بجانے کے لیے جنگ نہیں بلکہ نوجوانوں کی جدوجہد ہے جنہوں نے حق اور سچ کے لیے جانیں قربان کیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس تاریخ ساز جنگ میں ہزاروں ترک فوجی جوان شہید ہوئے۔

گیلی پولی کی فتح ہمارے آباؤ اجداد کی جانب سے حاصل کی گئی شاندار فتح ہے جس میں ترک فوج نے دنیا کے طاقت ور ترین ممالک کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ ایک قوم کی حیثیت سے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس فتح کا جشن ہر سال جوش و خروش سے منائیں۔
تقریب میں ترک قومی ترانہ "استقلال مارشی” کے صد سال مکمل ہونے پر معروف صحافی فاروق عادل نے اپنی تحریر پڑھ کر سنائی اور قومی ترانہ کے شاعر مہمت عاکف ایرسوئے کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

