
صدرپاکستان، آصف علی زرداری نے ترکیہ کے صدر، رجب طیب ایردوان سے استنبول میں مختصر قیام کے دوران ملاقات کی۔یہ ملاقات استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوئی، جہاں ترک صدر ،ایردوان بھی ملائیشیا روانگی سے قبل موجود تھے۔
اسلام آباد میں ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، صدر زرداری کا ترکیہ پہنچنے پر ترک وزیر خارجہ، حاقان فیدان نے پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خوشگوار تبادلہ خیال کیا اور مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ مسائل پر تبادلہ خیال کرنے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ دوستی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔
بعد ازاں، صدر آصف علی زرداری پرتگال میں شہزادہ کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کے لیے روانہ ہوئے۔