یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار سے اقبال اکادمی پاکستان کے پرنسپل ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی، معروف ادبی شخصیت عرفان جعفر، ممتاز صحافی و محقق ڈاکٹر فاروق عادل اور علمی و تعلیمی شخصیت ڈاکٹر زاہد مجید نے حال ہی میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ اور مستقبل میں مشترکہ ثقافتی و علمی منصوبوں پر غور کے لیے منعقد کی گئی۔ملاقات کا بنیادی مقصد علامہ محمد اقبال کے فکری و فلسفیانہ نظریات کو ترکی اور پاکستان کے درمیان ایک مضبوط علمی و ثقافتی پل کے طور پر استعمال کرنا تھا۔ فریقین نے ایسے مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جن کے تحت دونوں ممالک میں فکری مباحثوں، سیمینارز، مشاعروں، کتابوں کی اشاعت، تراجم، تربیتی ورکشاپس اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ڈاکٹر خلیل طوقار نے ترک عوام کی علامہ اقبال سے گہری عقیدت اور دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ، اقبال کے پیغام کو نوجوان نسل تک پہنچانے میں سنجیدہ ہے۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقبال اکادمی پاکستان، یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے ساتھ مل کر فکری و ادبی تعاون کو ایک نئے باب میں داخل کرے گی۔یہ ملاقات پاکستان و ترکی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات میں فکری و ثقافتی پہلو کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

