
لاہور:
ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے لاہور میں منعقدہ تقریب "Pak–Turkey Friendship: Bridging Cultures Through Language” میں پاکستانی طلباء سے ملاقات کی جو ترکی زبان سیکھ رہے ہیں۔
یہ تقریب غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں 16 اکتوبر، سہ پہر 2 بجے منعقد ہوئی، جس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زبان دو اقوام کے درمیان دوستی کے پل بنانے کا سب سے طاقتور ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کا ترکی زبان سے لگاؤ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتی قربت کی عکاسی کرتا ہے۔
ترک سفیر نے طلباء کی زبان سیکھنے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یہ نئی نسل ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو نئی جہتوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ “زبان کے ذریعے ہم ایک دوسرے کی ثقافت، تاریخ اور اقدار کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں — یہی دوستی کا اصل حسن ہے۔”
تقریب میں طلباء نے ترکی زبان میں تقاریر اور ملی نغمے بھی پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا۔
غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے ترکی سفارتخانے کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور تعلیم و ثقافت کے میدان میں مزید اشتراک کی خواہش ظاہر کی۔