اسلام آباد میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر مرکز برائے لسانیات و تراجم، ڈاکٹر غلام علی، اور یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹر، ڈاکٹر خلیل طوقار کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں اداروں کے مابین لسانیات، تراجم اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے لیے تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے تعلیمی اور تحقیقی منصوبوں کو آگے بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگرامز کے انعقاد، اور طلبہ و محققین کے لیے مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی زبانوں کے فروغ اور تراجم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا گیا۔ڈاکٹر غلام علی اور ڈاکٹر خلیل طوقار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے نہ صرف علمی روابط کو مضبوط کریں گے بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان ثقافتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنائیں گے۔

