
ترکیہ اور پاکستان کے تاریخی تعلقات کے علمبردار عبد الرحمن پشاوری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے استنبول یونیورسٹی میں ایک خصوصی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ یہ نمائش ایک علمی سمپوزیم کے حصے کے طور پر یونس امرے انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں عبد الرحمن پشاوری کی زندگی اور خدمات کو اجاگر کرنے والی نایاب تصاویر پیش کی گئیں۔

عبد الرحمن پشاوری ان اولین شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے خلافتِ عثمانیہ کی فوج میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں اور بعد ازاں مسلم دنیا کی جانب سے ترکیہ میں ابتدائی سفیروں میں شامل رہے۔ ان کی شخصیت ترکیہ و پاکستان کے درمیان ابتدائی یکجہتی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
نمائش کا افتتاح استنبول کے نائب گورنر حسن گوزن اور پاکستان کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کیا۔ اس موقع پر سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین سہراٰئی میمن، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک، اقبال اکیڈمی پاکستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی، اور استنبول یونیورسٹی کی وائس ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر گلسم آق نے خصوصی شرکت کی۔

یہ نمائش ترکیہ و پاکستان کے دیرینہ تعلقات اور مشترکہ ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دی گئی۔