
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی سال 2024-25 کی رینکنگ میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیز کا اعلان کیا گیا، جہاں آکسفورڈ یونیورسٹی مسلسل نویں سال پہلی پوزیشن پر رہی۔ چین کی دو یونیورسٹیاں ایشیا کی بہترین یونیورسٹیز میں شامل ہوئیں، جبکہ پاکستان کی 47 یونیورسٹیز بھی اس رینکنگ کا حصہ بنیں۔
قائداعظم یونیورسٹی نے عالمی سطح پر 401 سے 500 کے درمیان اور ایشیا میں 121ویں پوزیشن حاصل کی، جو پاکستان کے لیے ایک نمایاں کامیابی ہے۔ نسٹ یونیورسٹی ایشیا میں 152ویں ،جبکہ کامسیٹس 157ویں نمبر پر آئی۔ دیگر یونیورسٹیز، جن میں ایئر یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور مالاکنڈ یونیورسٹی شامل ہیں، عالمی سطح پر 601 سے 800 کے درمیان رہیں۔
سکھر آئی بی اے، یو ای ٹی ٹیکسلا اور دیگر یونیورسٹیز بھی اسی رینج میں شامل ہوئیں، جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، لمز، اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان 801 سے 1000 کی رینج میں رینک کی گئیں۔ پاکستان کی 12 یونیورسٹیز کو 1001 سے 1200 کے درمیان جگہ ملی، جبکہ 48 یونیورسٹیز کو رپورٹرز کیٹیگری میں رکھا گیا ،کیونکہ انہوں نے مکمل ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔
اس رینکنگ میں 115 ممالک کی 2 ہزار یونیورسٹیز کو شامل کیا گیا اور تعلیمی معیار، تحقیقی کارکردگی، اور بین الاقوامی معیارات پر مبنی درجہ بندی کی گئی۔ یہ رینکنگ پاکستان کی یونیورسٹیز کے لیے عالمی معیار کے حصول کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔