
پاکستان میں ترکیہ کے سفیر، ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی باہمت اور باصلاحیت خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے پیغام میں ترک سفیر نے کہا کہ، خواتین کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کی تعلیم و خود انحصاری ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں مادر ملت، فاطمہ جناح کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ، انہوں نے قائداعظم کے شانہ بشانہ تحریکِ آزادی میں نمایاں خدمات انجام دیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ، جب خواتین کو مواقع دیے جائیں، تو وہ تاریخ کا رخ بدل سکتی ہیں۔
ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ، ترکیہ اور پاکستان خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں اور دونوں ممالک ایسا مستقبل چاہتے ہیں جہاں ہر عورت کو مساوی عزت، تحفظ اور ترقی کے مواقع حاصل ہوں۔