turky-urdu-logo

شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کو ترکیہ کی مکمل حمایت حاصل ہے: صدر ارسین تاتار

شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر ارسین تاتار نےترکیہ کے  وزیر خارجہ خاقان فیدان کے ہمراہ لیفکوشا (نیکوسیا) میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ، ان کی ریاست کو ہر محاذ پر مادر وطن ترکیہ کی بھرپور حمایت حاصل ہے، جس پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

صدر تاتار کاکہنا تھا کہ،  ایک غیر منصفانہ عالمی ماحول میں ترک قبرصی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کی خودمختاری کے قیام کے لیے سخت جدوجہد جاری ہے۔ ہم اپنے مادر وطن کے مشکور ہیں جس نے اس قابل احترام سفر میں ہر قدم پر ہمارا ساتھ دیا اور اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا کر ہماری ریاست کو اس مقام پر پہنچایا جس کی وہ حقدار ہے۔

وزیر خارجہ خاقان فیدان نے پریس کانفرنس میں اس موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ، جزیرہ قبرص کے تنازعے کا واحد حل دو ریاستی نظام ہے۔  ترک قبرصی عوام کو گزشتہ 50 برسوں سے جس تنہائی کا سامنا ہے، وہ انسانیت کے خلاف ایک خاموش جرم ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ، قبرصی ترک عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔

خاقان فیدان نے بتایا کہ، اگر جزیرہ قبرص کو ایک جدید، ترقی یافتہ، پرامن اور محفوظ خطہ بنانا ہے ،تو فریقین کو دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے جرات مندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، وہ چاہتے ہیں کہ، ترکیہ اور یونان کے درمیان پیدا ہونے والا مثبت سیاسی ماحول قبرص میں بھی پروان چڑھے۔ ان کا مزید کہناتھا کہ، یونان، ترکیہ، شمالی قبرصی ترک جمہوریہ اور یونانی قبرصی انتظامیہ کے لیے یہ ممکن ہے کہ، مل کر خطے میں ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کریں۔

پریس کانفرنس کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ، شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے حقوق اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Read Previous

کیا تمام سویلینز کے ساتھ اے پی ایس کے مجرمان جیسا برتاؤ ہو سکتا ہے؟ سپریم کورٹ آف پاکستان

Read Next

شام کو دہشت گردی سے پاک کرنا ضروری ہے: ترکیہ کے مندوب احمد یلدز

Leave a Reply