
صدر رجب طیب ایردوان نے استنبول میں شہری تبدیلی کے منصوبوں کی کلیدی ترسیل اور سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کیا۔
شہریوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ عالمی صحت کے بحران، خطے میں جنگیں اور عالمی معیشت پر ان کے اثرات ترکیہ پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم اپنے اقدامات سے ان اثرات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو اپنے وطن میں اپنے علم، ہنر اور توانائی کو استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم نے تعلیم سے لے کر صحت کی دیکھ بھال تک، نقل و حمل سے لے کر توانائی تک ہر شعبے میں جو اقدامات کیے ہیں، ان سے ہم اپنے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنا رہے ہیں اور سرمایہ کاری، روزگار اور پیداوار کے ذریعے اپنے ملک کو ترقی دے رہے ہیں۔
ہمارے ملک میں، جسے زلزلوں سے لے کر آگ، سیلاب سے لے کر لینڈ سلائیڈنگ تک بہت سے آفات کے خطرات کا سامنا ہے، ہم اس کے بنیادی ڈھانچے اور رہائش میں تیزی سے تبدیلی لا رہے ہیں۔
آج تک، ہم نے شہری تبدیلی کے ذریعے 3.3 ملین مکانات کی تجدید کی ہے اور TOKİ کے ذریعے 1.2 ملین مکانات تعمیر کیے ہیں۔
اپنے نجی شعبے کے تعاون سے ہم نے اپنے ملک کو اس شعبے میں 20 سال پہلے کے مقابلے میں بہت اچھی سطح پر پہنچایا ہے۔
تاہم، ہم اسے کافی نہیں سمجھتے۔ صدر ایردوان نے کہا کہ ہم زلزلے کے زیادہ خطرے والی جگہوں پر شہری تبدیلی کو تیز کر رہے ہیں، خاص طور پر استنبول میں۔