ترکیہ میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا عمل مکمل ہو گیا ۔
ترکیہ میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ کا عمل سلسلہ جاری رہا۔ صدارتی انتخابات کے سلسلے میں عوام کو 3 امیدواران رجب طیب ایردوان ، کمال کلچدار اولو اور سنان اوغان میں سے اپنے صدر کا انتخاب کرنا تھا ۔ واضح رہے کہ محرم انجے انتخابات سے صرف 2 دن پہلے صدارتی امیدواری سے دست بردار ہو گئے تھے ، لیکن بیلٹ پیپرز پر ان کی تصویر بدستور موجود رہی۔
جبکہ پارلیمانی انتخابات میں 24 سیاسی جماعتوں اور 151 آزاد امیدواروں کے مابین مقابلہ تھا ۔
ترکیہ کے 6 کروڑ سے زائد ریجسٹرڈ ووٹرز ہیں جنہوں نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا ۔ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا سلسلہ تو کچھ دیر میں آنا شروع ہو جائے گا جبکہ صدارتی انتخابات میں اگر کوئی امیدوار بھی سادہ اکثریت یعنی 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوتا تو پھر صدارتی انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہو جائیں گے اور دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات 28 مئی کو منعقد ہوں گے۔
