ترکش انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(ٹیکا)اور پاکستان بیت المال نے غریب بچوں، خواتین کے بہبود کے پروگراموں اور پناہ گاہوں کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ٹیکا کے پروگرام کوآرڈینیٹر محسن بیلچی اور ڈپٹی پروگرام کوآرڈینیٹر مہمت سلجوک نے پاکستان بیت المال کے زیر انتظام ایف نائن پارک میں پراجیکٹ آفس کا دورہ کیا۔ جہاں ایف نائن پارک میں ویمن ایمپاورمنٹ کے حوالے سے ایک سٹیٹ آف دی آرٹ پروڈکشن یونٹ کے قیام پر اتفاق رائے کیا گیا۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن، ڈائریکٹر ویمن ایمپاورمنٹ اینڈ سول سوسائٹی پاکستان بیت المال میڈم شندانہ ہدائیت نے پاکستان بیت المال کے حوالے سے ترکش مہمانوں کو مفصل بریفنگ دی اور ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر کی طرف سے انھیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پاکستان بیت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس وقت پاکستان بیت المال کے زیر انتظام ملک بھر میں سینکڑوں ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر کام کر رہے ہیں جہاں ہزاروں خواتین کو ہنر مندی کے مختلف کورسز پر تربیت فراہم کی رہی ہے۔
ان سنٹرز میں تیار ہونے والی اشیا کو ایف نائن پارک میں واقع پاکستان بیت المال کے پروڈکشن یونٹ میں مزید اپ گریڈ کرنے بعد مصنوعات کی مارکیٹنگ اور سیلز کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر ٹیکا کے منتظمین نے انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور غربت کے خاتمے کیلئے ادارے کے اقدامات اور پروگراموں کی تعریف کی۔ ترکش مہمانوں کو ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر میں تیار کردہ سوینئر بھی پیش کیا گیا۔

