turky-urdu-logo

تاریخ میں پہلی بار اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ کا شام کا دورہ

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق، وولکر ترک، نے 14 جنوری 2025 کو دمشق پہنچ کر شام کا دورہ کیا، جو کسی بھی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ کا شام کا پہلا دورہ ہے۔

یہ دورہ 14 سے 16 جنوری تک جاری رہے گا، جس دوران وولکر  شام اور لبنان میں مقامی حکام، سول سوسائٹی کے گروپوں، سفارت کاروں اور اقوام متحدہ کے اداروں سے ملاقات کریں گے۔

یہ اہم دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب گزشتہ ماہ شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 50 سالہ خاندانی حکمرانی کا خاتمہ ہو گیا۔نئی حکومت کے قیام کے بعد شام میں گزشتہ 13 سال سے جاری خانہ جنگی کے دوران ہونے والے جرائم پر احتساب کی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔بشار الاسد کے دور اقتدار میں اقوام متحدہ کے حکام اور انسانی حقوق کے اداروں کو مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ملک میں داخلے کی اجازت اکثر نہیں دی جاتی تھی۔

بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے۔ 12 جنوری 2025 کو سعودی عرب میں شام کے حوالے سے ‘ریاض اجلاس’ منعقد ہوا، جس میں مختلف ممالک اور تنظیموں کے وزرائے خارجہ اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنگ کے بعد کی تعمیر نو، مہاجرین کی واپسی، دہشت گردی کے خاتمے، اور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وولکر ترک کے اس دورے سے توقع کی جا رہی ہے کہ،  یہ شام کے نئے دور میں بین الاقوامی تعلقات کو مزید فروغ دے گا اور انسانی حقوق و احتساب کی اہمیت کو اجاگر کرے گا،  تاکہ شامی عوام کے لیے ایک مستحکم اور منصفانہ مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔

Read Previous

  آئندہ نسلوں کے لیے سرسبز ترکیہ کی کوششیں

Read Next

یورپی یونین میں غیر قانونی داخلے 2024 میں کم ترین سطح پر پہنچ گئے: فرنٹکس رپورٹ

Leave a Reply