
اقوام متحدہ کے سیکر یٹری جنرل دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گے ۔وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر یو این سیکرٹری جنرل کا استقبال کیا۔انتونیوگوتریس سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔وہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور حکومت کے دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
انتونیو گوتریس نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑے پیمانے پر امداد کی جائے، انھوں نے کہا میں تباہ کن سیلاب سے متاثر افراد سے اظہار یک جہتی کے لیے پاکستان پہنچا ہوں، پاکستان موسمیاتی تباہی سے نبرد آزما ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاکستان سے محبت نئی نہیں ہے، انتونیو گوتریس اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کر چکے ہیں۔
انتونیو گوتریس اس سے قبل 10 سال تک مہاجرین کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں، یو این سیکرٹری جنرل نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی خدمات کو سراہا۔
یواین قیادت نےعالمی سطح پر پاکستان کی پُرامن فوج کی کارکردگی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا، اور امن مشنز میں پاکستانی خواتین کے نہایت متاثر کُن کردار کو ہمیشہ سراہا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشکل گھڑی میں یک جہتی کے اظہار کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیکرٹری جنرل ایسے موقع پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جب ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ ان کے دورے سے سیلاب متاثرین کے مسائل اور مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 160 ملین ڈالر کی فلیش فلڈ اپیل جاری کی ہے۔