اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین سے متعلق ایک اہم قرارداد منظور کر لی گئی ہے، جس میں اسرائیل سے غزہ اور مغربی کنارے سے انخلا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ قرارداد “فلسطین کے سوال کا پرامن حل” کے عنوان سے پیش کی گئی۔
قرارداد کے حق میں 151 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ 11 ووٹ مخالفت میں آئے اور 11 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دلانے، مستقل امن کے قیام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا گیا ہے۔ عالمی برادری نے اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ میں امن کی جانب ایک اہم سفارتی قدم قرار دیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس قرارداد سے اسرائیل پر سفارتی دباؤ میں اضافہ متوقع ہے، تاہم عملی اقدامات کا انحصار عالمی طاقتوں کے رویّے پر ہوگا۔