
ترک وزیر خارجہ کی کوششیں رنگ لے آئیں، یوکرین-روس مذاکرات جمعرات کو ہونگے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اپنے یوکرینی ہم منصب دیمیترو کولیبا کے ساتھ بات چیت کے لیے ترکی کا دورہ کریں گے۔
یہ ملاقات ترکی کی میزبانی میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونی ہے، تاہم اس سے متعلق مزید تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا۔
دریں اثنا یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کا کہنا تھا کہ یوکرین کی افواج آج اہم شہروں میں دفاع کو مضبوط کر رہی ہیں جبکہ کچھ علاقوں میں شدید مزاحمت کے باعث روس کی پیش قدمی میں کمی آئی ہے، جبکہ اسٹریٹجک بندرگاہی شہر ماریوپول انسانی بحران کے بڑھنے کے ساتھ محاصرے میں رہا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ملک بھر میں تقریباً دو ہفتوں کی لڑائی میں ہزاروں لوگ مارے گئے جن میں عام شہری اور فوجی دونوں شامل ہیں۔
یوکرین کی جانب سے کی گئی توقع سے کہیں زیادہ مزاحمت کے نتیجے میں روسی افواج کی پیش قدمی میں کیف کے آس پاس سمیت بعض علاقوں میں کافی کمی دیکھی گئی ہے۔
یوکرین کے جنرل اسٹاف کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ شمال، جنوب اور مشرق کے شہروں میں دفاعی قوتیں بنا رہا ہے اور کیف کے اردگرد فورسز کے غیر متعینہ حملوں کے ساتھ روسی جارحیت کی مزاحمت کر رہی ہیں۔
یوکرین کے جنرل اسٹاف نے بتایا کہ شمالی شہر چرنی ہیو میں روسی افواج رہائشی عمارتوں اور کھیتوں کے درمیان فوجی ساز و سامان رکھ رہی ہیں، جبکہ جنوب میں شہری لباس میں ملبوس روسی میکولائیو شہر کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
ترکی کے ریزورٹ شہر میں تین روزہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم جمعہ سے شروع ہونے والا ہے اور اس سے ایک روز قبل روسی یوکرائنی ملاقات ہو رہی ہے۔
قبل ازیں، امید ظاہر کرتے ہوئے کہ یہ ملاقات "ایک اہم موڑ” اور امن و استحکام کی جانب "اہم قدم” ثابت ہوگی، ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو نے کہا کہ انقرہ "پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔”