اسلام آباد میں ترکیہ–پاکستان فرینڈشپ افطار کا اہتمام ترکیہ کی تعاون و رابطہ ایجنسی ٹِکا (TİKA) کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب میں وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر، وزارتِ اقتصادی امور کے سیکرٹری محمد ہمایوں کریم، شمالی قبرص ترک جمہوریہ کی پاکستان میں سفیر بوکت کوپ، پاکستان–ترکیہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی چیئرپرسن شائستہ پرویز سمیت ٹِکا کے پاکستان میں منصوبہ جاتی شراکت دار، سرکاری اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے نمائندگان، پاکستان میں کام کرنے والے ترک اداروں کے نمائندے، بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیدار اور یونیورسٹی طلبہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان بیت المال اور الخدمت فاؤنڈیشن کی سرپرستی میں موجود 200 یتیم بچوں کو بھی مدعو کیا گیا۔ پروگرام کے دوران بچوں کے لیے مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ عالمی یومِ یتیمان کے موقع پر انہیں تحائف بھی پیش کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹِکا اسلام آباد کی پروگرام کوآرڈینیٹر صالحہ تونا نے بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مضبوط اور قابلِ اعتماد اداروں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یتیم بچوں کی معاونت کے لیے پاکستان بیت المال اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون اور دوستی پر شکریہ بھی ادا کیا۔




