turky-urdu-logo

ترکیہ کے ‘زیرو ویسٹ بلیو’ منصوبے کے تحت پانچ سال میں 2 لاکھ 45 ہزار ٹن سمندری کچرا صاف

ترکیہ کی وزارت ماحولیات، شہری ترقی اور موسمیاتی تبدیلی نے ‘زیرو ویسٹ بلیو’ منصوبے کے تحت پہلا پانچ سالہ صوبائی ایکشن پلان کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پانچ سال میں2 لاکھ 45 ہزار  ٹن سمندری کچرا جمع کیا گیا، جس سے 20 ہزار 500 ٹرک بھر سکتے ہیں۔

یہ منصوبہ 10 جون 2019 کو خاتون اول، امینہ ایردوان کی قیادت میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد سمندری کچرے کے خاتمے کے لیے مقامی حکمت عملیوں کو اپنانا تھا۔ وزارت کے جاری کردہ ہدایات کے تحت 28 ساحلی صوبوں میں کچرے کی صفائی یقینی بنائی گئی، جس میں ساحلی علاقوں، سمندری سطح اور سمندری تہہ کی صفائی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سال 2024 میں 25 ہزار 480ٹن سمندری کچرا صاف کیا گیا، جس میں پلاسٹک بیگز، بوتلیں، ماہی گیری کے جال، سنگل یوز پلاسٹک اور سگریٹ کے ٹکڑے  جیسے آلودگی پھیلانے والے مواد شامل تھے۔ یہ کچرا ماحول دوست طریقوں سے ٹھکانے لگایا گیا۔

سال 2025 میں ، دوسرا پانچ سالہ صوبائی ایکشن پلان نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت سمندری آلودگی کے خلاف مزید موثر اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کا مقصد سمندری ملبے کے ماحولیاتی نظام پر پڑنے والے نقصان دہ اثرات کو کم کرنا اور ترکیہ کے ساحلی علاقوں میں پائیدار طریقوں کو فروغ دینا ہے۔

ترکیہ نے زیرو ویسٹ منصوبے کے ذریعے عوام میں ری سائیکلنگ کا شعور بیدار کیا ہے اور بڑھتی ہوئی آلودگی کے خلاف اقدامات کیے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت ہزاروں عمارتوں، رہائشی علاقوں اور کمپنیوں نے اپنے کچرے کو ری سائیکل کرنے کی پالیسی اپنائی ہے، جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں پلاسٹک کو ضائع ہونے سے بچایا گیا اور سمندر مزید صاف ہوئے ہیں۔

یہ منصوبہ وسائل کے موثر استعمال اور کچرے کی پیداوار کو کم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ یہ 2017 میں بش تپے صدارتی کمپلیکس سے شروع ہوا اور بعد میں مختلف سرکاری وزارتوں، میونسپلٹیوں، نجی کمپنیوں اور عوامی اد اروں جیسے اسکولوں اور اسپتالوں میں نافذ کیا گیا۔

ترکیہ کے’ زیرو ویسٹ بلیو’ منصوبے نے نہ صرف سمندری آلودگی کو کم کرنے میں مدد کی ہے، بلکہ عوامی شعور اور پائیدار زندگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

Read Previous

ترک ہلال احمر کا شام میں جنگ زدگان کے لیے نئے منصوبوں کا آغاز

Read Next

گوادر پورٹ کے خلاف سازشیں پاکستان دشمنی ہے: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف

Leave a Reply