
ترک صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ جیسے ترکی نے وبائی مرض کورونا وائرس پر قابو پالیا بلکل اسی طرح یہ عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والی مہنگائی کے مسئلے پر بھی قابو پا لے گا۔
ترکی کے شمالی صوبے توکات میں ایک نئے ہوائی اڈے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ہر نئی تبدیلی اور ہر نئے انقلاب کے ساتھ آنے والی مشکلات کا ہم ڈٹ کر سامنا کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہماری یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک خوشحال مستقبل ہمارا انتظار کر رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سالانہ افراط زر کی شرح اس فروری میں 54.44 فیصد رہی جبکہ گزشتہ سال اس مہینے میں یہ 15.61 رہی۔
صدر ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ترکی 2023 میں بھی یوں ہی قائم و دائم رہتا ہے جو کہ ہماری جمہوریہ کے قیام کی 100 ویں سالگرہ ہے تو اسکے اتحاد ، یکجہتی اور بھائی چارے کی حفاظت کرتے ہوئے اللہ کے حکم سے معیشت سمیت کسی بھی شعبے میں کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔
جمعرات کو برسلز میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے وہاں اپنا پیغام پہنچا دیا ہے کہ بحیثیت ترکی ہم کہاں کھڑے ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا کہ نئے ہوائی اڈے کی سرمایہ کاری کی مالیت 1 ارب20 کروڑ ترک لیرا ہے اور اس میں سالانہ بنیادوں پر 20 لاکھ مسافروں کی گنجائش ہے۔