
ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ نوح یلماز نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی سرگرمیوں میں حائل کی جانے والی اسرائیلی رکاوٹوں سے متعلق ترکیہ کا موقف پیش کیا۔ جس میں جارحیت پر مبنی اسرائیلی ہتھکنڈوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
نوح یلماز نے عالمی عدالت میں ترکیہ کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ اسرائیل اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی سرگرمیوں سے متعلق رکاوٹیں حائل کر رہا ہے۔ یہ انسانی حقوق کی پامالی ہے جو کہ ایک سنگین مسئلہ ہے، جس پر فوری عالمی ردِعمل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اسرائیل کے اقدامات کو بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ اور موثر اقدامات کرے۔
یہ بیان ترکیہ کی فلسطین کے ساتھ یکجہتی اور بین الاقوامی انصاف کی حمایت کے عزم کا مظہر ہے۔