
اللہ کے فضل و کرم سے صدر ایردوان تندرست ہیں اور اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
نائب صدر فواد اوکتے کا کہنا تھا کہ صدر ایردوان کا شیڈول بہت زیادہ مصروف ہے اور وہ بخوبی اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیتے رہیں گے، انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ صدر ایردوان نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں معمولی سی سردی محسوس ہوئی تھی جسکے باعث انہوں نے اپنے پروگرام منسوخ کرکے ڈاکٹروں کے مشورے پر آرام کو ترجیح دی۔
صدر کے اطلاعاتی امور کے ڈائریکٹر فخر الدین آلتون نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر صدرایردوان کی صحت کے بارے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ایردوان کی صحت کے بارے میں غیر ملکی میڈیا اداروں میں دی جانے والی خبریں درست نہیں ہیں، صدر ایردوان بلکل ٹھیک ہیں۔انکا کہنا تھا کہ مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر صدر ایردوان کے دل کا دورہ پڑنے اور انہیں ہسپتال منتقل کیے جانے کی بے بنیاد خبریں گردش کر رہی ہیں جو حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور وہ انہیں مسترد کرتے ہیں۔
جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ترجمان عمر چیلک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صدر ایردوان کے بارے میں متعدد غیر ملکی میڈیا میں غیر اخلاقی اور بے بنیاد خبریں چلائی گئی ہیں۔ صدر ایردوان اپنے امور انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر ایردوان ڈاکٹروں کے مشورے پر آرام کرنے کے بعد معمول کے مطابق اپنا کام شروع کردیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز دوران انٹرویو صدر ایردوان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی جسکے باعث ٹی وی انٹرویو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا جسے کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کیا گیا۔
بعد ازاں صدر ایردوان نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرکے اپنی طبیعت کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ میں اپنی معزز قوم کے ہر فرد کا، اپنے ہر بھائی اور بہن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے میری مصروفیت کی وجہ سے نشریات کے دوران ہونے والی معمولی تکلیف کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔